روٹری کلب اسلام آباد کی تقریب، وزیرِ مملکت فہد ہارون کا ڈیجیٹل پاکستان اور قومی ترقی میں جدید ٹیکنالوجی کے کردار پر زور

0

اسلام آباد 10, اگست ( اے پی پی) : روٹری کلب آف اسلام آباد میٹروپولیٹن (RCIM)

کے زیرِ اہتمام اگست کی پہلی باقاعدہ نشست میریٹ ہوٹل اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس میں وزیرِ مملکت و معاونِ خصوصی برائے ڈیجیٹل میڈیا فہد ہارون نے بطورِ مہمانِ خاص شرکت کی۔

تقریب سے اپنے تفصیلی خطاب میں وزیرِ مملکت فہد ہارون نے ملک کو ڈیجیٹل شاہراہ پر گامزن کرنے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ عصرِ حاضر میں معاشی استحکام اور سماجی پیش رفت کا دارومدار ڈیجیٹل جدت پر ہے۔

 انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے اور حکومت ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے ڈیجیٹل میڈیا، فری لانسنگ اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں وسیع مواقع فراہم کر رہی ہے تاکہ وہ ملکی معیشت میں اپنا فعال کردار ادا کر سکیں۔

 فہد ہارون نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل اسپیس کے پھیلاؤ کے ساتھ ذمہ دارانہ صحافت اور فیک نیوز کے سدِباب کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے، جس کے لیے تمام سماجی اور فلاحی اداروں کو مشترکہ حکمتِ عملی اپنانی ہوگی۔ انہوں نے روٹری کلب کی پولیو کے خاتمے اور دیگر فلاحی منصوبوں میں خدمات کو بے حد سراہا اور تجویز دی کہ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں شفافیت اور رسائی کو ممکن بنانے کے لیے جدید ڈیجیٹل ٹولز کا استعمال بڑھایا جائے۔

تقریب کے دوران روٹری کلب آف اسلام آباد میٹروپولیٹن کے عہدیداران اور اراکین نے فہد ہارون کو کلب کے جاری فلاحی اور قیادتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی اور آخر میں ان کی آمد اور گراں قدر خدمات کے اعتراف میں انہیں کلب کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔