رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شازیہ صوبیہ کی عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اے پی پی ویڈیو نیوز سروس سے خصوصی گفتگو

4

اسلام آباد، 25 اگست (اے پی پی): رکن قومی اسمبلی شازیہ صوبیہ نے کہا ہے کہ عید میلاد النبی ﷺ کے بابرکت موقع پر پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی، جبکہ ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اجتماعی کوششوں کو بھی آگے بڑھایا جائے گا۔

اے پی پی ویڈیو نیوز سروس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نبی کریم حضرت محمد ﷺ کی ولادت باسعادت کا دن مسلمانوں کے لیے انتہائی بابرکت اور خوشی کا موقع ہے۔ اس مبارک دن ہمیں اللہ تعالیٰ سے پاکستان کی بہتری، سلامتی اور استحکام کے لیے دعا کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش مختلف مسائل اور نوجوانوں کو درپیش مشکلات کے خاتمے کے لیے بھی خصوصی دعائیں کی جائیں گی اور ان مسائل کے حل کے لیے عملی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

شازیہ صوبیہ نے کہا کہ کوئی بھی قوم اجتماعی سوچ اور اتحاد کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی، اس لیے ہمیں تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے پاکستان کے لیے متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کے اس بابرکت موقع پر ہمیں قومی یکجہتی کو فروغ دیتے ہوئے ملک کی ترقی، خوشحالی اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عزم کرنا چاہیے۔