اسلام آباد، 14اگست (اے پی پی): معروف کرکٹ تجزیہ کار اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر سہیل تنویر نے یومِ آزادی کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے ہمیں ایک دوسرے کا ساتھ دینا اور ایک دوسرے کا سہارا بننا ہوگا۔
اے پی پی کو دیے گئے اپنے ویڈیو پیغام میں سہیل تنویر نے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی میں ہر پاکستانی کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم ملک میں امن و امان کے قیام اور پاکستان کو مزید خوشحالی کی جانب گامزن کرنے کے لیے متحد ہو کر کام کریں گے تو کوئی رکاوٹ ہمارے راستے میں حائل نہیں ہوسکتی۔
انہوں نے کہا کہ باہمی احترام، برداشت اور اتحاد ہی وہ اقدار ہیں جو قوموں کو مضبوط بناتی ہیں۔ ہمیں ایک دوسرے کا احترام کرتے ہوئے اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر پاکستان کی بہتری کے لیے مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔
سہیل تنویر نے کہا کہ دنیا میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے اور وطن عزیز کو ترقی کی نئی منزلوں تک پہنچانے کے لیے ہمیں اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرنا ہوں گی۔











