سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ سے قبل پاک جاپان مستحکم دو طرفہ تعاون کے عزم کی تجدید کرتا ہے،جاپانی سفیر

0

اسلام آباد،14اگست  (اے پی پی):پاکستان میں جاپان کے  سفیراکاماتسو شوچی  نے کہا ہے کہ پاکستان 14 اگست کو اپنا 80 واں یوم آزادی منا رہا ہے، جاپان  2027 میں سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ سے قبل  دونوں ممالک میں مزید  مستحکم  دو طرفہ تعاون کے عزم کی تجدید  کرتا ہے۔

یوم آزادی کے موقع پر جمعہ کو  اپنے پیغام میں پاکستان میں جاپان کے سفیر اکاماتسو شوچی نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ شراکت داری  کو اجاگر کیا  اور امن، ترقی اور استحکام کے لیے تعاون جاری رکھنے کا عہد کیا۔سفیر نے جاپان کی حکومت اور عوام کی جانب سے پاکستان کی حکومت اور شہریوں کو ملک کے یوم آزادی پر مبارکباد دی۔

ایک ویڈیو پیغام میں  انہوں  نے کہا کہ جاپان پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور 2027 میں سفارتی تعلقات   کی 75 ویں سالگرہ  منانے کا منتظر ہے۔ جاپانی سفیر نے کہا کہ جاپان اور پاکستان قابل اعتماد شراکت دار ہیں اور امن، ترقی اور علاقائی استحکام کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہیں۔

 انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک آئندہ  سالوں میں باہمی افہام و تفہیم کو گہرا کرنے اور دوستانہ تعلقات کو وسعت دینے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے، سفیر اکاماتسو نے جاپان اور پاکستان کے تعلقات کے مستقبل پر اعتماد کا اظہار کیا اور جاپان کی جانب سے مسلسل روابط اور تعاون کی حمایت کا اعادہ کیا۔اپنے پیغام کے اختتام پر انہوں نے “جاپان پاکستان دوستی زندہ باد” کے نعرے کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان پائیدار دوستی کو بھی اجاگر کیا۔