سلامتی کونسل: پاکستان کا شام کی مثبت پیش رفت کا خیرمقدم، مقبوضہ علاقوں سے اسرائیلی انخلا کا مطالبہ

3

اقوامِ متحدہ، 28 اگست (اے پی پی): اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب سفیر عثمان جدون نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں شام کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے مثبت پیش رفت کا خیرمقدم کیا ہے اور تمام مقبوضہ علاقوں سے اسرائیلی افواج کے مکمل انخلا کا مطالبہ کیا ہے۔ سفیر عثمان جدون نے شامی ڈیموکریٹک فورسز کو ریاستی ڈھانچے میں ضم کرنے اور جامع سیاسی عمل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تنازع اور انسانی بحران کے بعد اب شام کو استحکام اور بحالی کا حقیقی موقع میسر آیا ہے۔ انہوں نے شام پر امریکی معاشی پابندیوں کے خاتمے، تعمیرِ نو میں تیزی اور شامی وزیر خارجہ کے حالیہ دورۂ پاکستان کو دوطرفہ تعلقات کے لیے اہم قرار دیا۔ تاہم،سفیر عثمان جدون نے ابو الضہور ایئربیس پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ شامی گولان مقبوضہ علاقہ ہے۔ انہوں نے داعش کی طرف سے دہشت گردی کے خطرات کا مقابلہ کرنے اور شام کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور انسانی امداد کی فراہمی کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔