سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کا پمز کا دورہ، 14 بچوں کی ہلاکت کی تحقیقات اور ذمہ داران کو سزا دینے کا عزم

0

​اسلام آباد، 31 اگست (اے پی پی): سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت، امورِ ضوابط و ہم آہنگی نے سینئر سینیٹر امیر ولی الدین چشتی کی زیرِ صدارت پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کا دورہ کیا اور نرسری میں آتشزدگی کے المناک حادثے میں 14 نوزائیدہ بچوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داران کو سخت سے سخت سزا دینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ کمیٹی نے فائر الارم کی عدم موجودگی،  ایمرجنسی راستوں کی بندش اور پمز انتظامیہ سمیت دیگر متعلقہ اداروں (سی ڈی اے، سول ڈیفنس اور اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی) کی غفلت اور ناقص کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تمام رکاوٹیں فوری ہٹانے اور ہسپتالوں میں انتظامی و طبی شعبوں کو الگ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اجلاس کے دوران وفاقی وزیرِ صحت نے ابتدائی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ آگ صرف 120 سیکنڈز میں پھیلی، جبکہ قائمہ کمیٹی نے آئندہ ایسے واقعات سے بچاؤ کے لیے ملک گیر ہیلتھ کیئر پالیسی تشکیل دینے اور ضروری قانون سازی کرنے کی سفارش کی ہے۔