اسلام آباد، 19 اگست 2026ء (اے پی پی): صدر مملکت آصف علی زرداری نے بدھ کو ایوانِ صدر اسلام آباد میں سالانہ رپورٹ 2025 پیش کیے جانے کے موقع پر وفاقی محتسب برائے تحفظ باہراسانی (فوسپاہ) کی سربراہ فوزیہ وقار سے ملاقات کے دوران ہدایت کی ہے کہ کام کی جگہوں پر ہراسانی کی شکایتوں کو جلد اور شفاف طریقے سے حل کرنے کے لیے داخلی نظام اور نگرانی کے عمل کو مزید مضبوط بنایا جائے۔
ملاقات کے دوران وفاقی محتسب فوزیہ وقار نے صدر مملکت کو ادارے کی سالانہ رپورٹ 2025 پیش کی، جبکہ اس موقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے۔
صدر زرداری نے ورک پلیس پر ہراسانی کے خلاف فوسپاہ کے کردار کو سراہا اور زور دیا کہ ادارے کی خدمات سے متعلق عوام میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام شکایتوں کو قانون کے مطابق، غیر جانبدارانہ اور میرٹ پر دیکھا جائے تاکہ ہراسانی کے اصل متاثرین کو فوری انصاف مل سکے۔
اس موقع پر صدر مملکت کو بتایا گیا کہ سال 25-2024 کے دوران فوسپاہ کو ہراسانی کی 1,119 شکایتیں موصول ہوئیں جن میں سے 1,047 کا فیصلہ کر دیا گیا، جبکہ جائیداد سے محرومی سے متعلق 352 شکایتوں میں سے 238 کیسز حل کیے گئے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں شکایتوں کے اندراج میں 375 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔











