لاہور04 اگست(اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیرصدرات سپیشل اکنامک زون اتھارٹی پنجاب کا 12واں اجلاس پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں منعقدہ ہوا۔ جس میں 8 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا ۔اجلاس کے دوران پنجاب میں صنعتکاری کے عمل میں مزید تیزی لانے کیلئے متعدد اہم فیصلے کئے گئے،بورڈ نے گرین انڈسٹریل پارک اور سندر گرین انڈسٹریل پارک سپیشل اکنامک زونز میں توسیع کی منظوری دی۔
خصوصی اقتصادی زونز میں توسیع کی تجاویز حتمی منظور ی کیلئے سرمایہ کاری بورڈ اسلام آباد کو بھجوائی جائیں گی۔بورڈنے صنعتی مراکز میں مقررہ مدت میں انڈسٹری نہ لگانے پر منسوخ اور کینسل شدہ پلاٹس کے کیسز سیزا کی ذیلی کمیٹی میں بھجوا نے کا فیصلہ کیا گیا۔ذیلی کمیٹی تمام کیسز کا کیس ٹو کیس جائزہ لے کر اپنی سفارشات پیش کرے گی۔
اجلا س میں پنجاب کابینہ کی طرف سے پنجاب کے صنعتی مراکز کیلئے منظور کردہ لینڈ لیز پالیسی سرمایہ کاری بورڈ اسلام آباد کو بھجوا نے کی منظوری بھی دی گئی۔بورڈ نے پرائیویٹ سیکٹر ڈویلپرز پر پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے بلڈنگ بائی لاگو کرنے کی منظوری دی۔بورڈ نے ایڈیشنل سیکرٹری کامرس کی ایس ای ذیلی کمیٹی میں شمولیت کی بھی منظوری دی۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کیلئے خصوصی مراعات کے باعث ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیاں پنجاب کو ترجیح دے رہی ہیں۔صنعت کاروں کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر بعض خصوصی اقتصادی زونز میں توسیع دی جارہی ہے۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ پرائیویٹ سیکٹر کے سپیشل اکنامک زونز کی کالونائزیشن کی بھی مانیٹرنگ کی جائے۔ سپیشل اکنامک زون اتھارٹی اپنا مؤثر ریگولیٹری کردار ادا کر ے۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ صنعتی مراکز کی 100 فیصد آباد کاری حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔جتنے زیادہ کارخانے لگیں گے اتنے ہی روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ ا جلاس میں سپیشل اکنامک زون اتھارٹی کی ذیلی کمیٹی کے اجلاسوں کی کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سیکرٹری صنعت و تجارت، سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ، سی ای او پیڈمک، سینئر نائب صدر لاہور چیمبر اور دیگر بورڈ ممبران نے شرکت کی جبکہ سی ای او فیڈمک اور دیگر متعلقہ افسران وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔











