صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی اونٹاریو کے وزیر سے ملاقات, پنجاب اور اونٹاریو کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق

4

لاہور، 21 اگست (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کینیڈا کے صوبہ اونٹاریو کے وزیر اقتصادی ترقی، روزگار و تجارت وِک فیڈیلی سے ملاقات کی، جس میں پنجاب اور اونٹاریو کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری روابط مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ اور راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ ممبر احمد علی طارق سمیت سرکاری وفد بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھا۔ فریقین نے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان حالیہ برسوں میں بڑھتے ہوئے اقتصادی روابط کو سراہا اور پنجاب و اونٹاریو کے درمیان معاشی تعاون بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب اور اونٹاریو کے درمیان ایگرو فوڈ، ایگرو ٹیک، ویلیو ایڈیشن اور سپلائی چین مینجمنٹ کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ڈیری، لائیو اسٹاک، پولٹری، توانائی اور ہمالیائی گلابی نمک کے شعبوں میں بھی اقتصادی تعاون بڑھانے کے فوری اور مؤثر مواقع دستیاب ہیں۔

ملاقات میں جدید ٹیکنالوجی کے تبادلے اور دونوں صوبوں کے کاروباری طبقوں کے درمیان بزنس ٹو بزنس روابط مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ فریقین نے باہمی تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری شراکت کے فروغ کے لیے روابط مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اونٹاریو کے وزیر وِک فیڈیلی کو لاہور کے دورے کی دعوت دی، جو انہوں نے قبول کر لی۔