فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ترکیہ میں اعلیٰ سطح ملاقاتیں، پاکستان-سعودی عرب-ترکیہ سہ فریقی دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال

4

راولپنڈی،31اگست  (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترکیہ کے سرکاری دورے کے دوران استنبول میں اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں کیں۔ان ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی تعاون اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پیرکو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان، ترکیہ کے وزیر قومی دفاع یاسر گلر اور چیف آف ترک جنرل سٹاف جنرل سلچوک بایراکتار اوغلوسے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی تعاون اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ کے تحت قائم سٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں بھی شرکت کی جس میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب شامل ہیں۔ تینوں ممالک نے سٹریٹجک روابط اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مختلف اقدامات اور امکانات کا جائزہ لیا۔ان ملاقاتوں اور اجلاسوں سے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات اور بڑھتے ہوئے سٹریٹجک و دفاعی تعاون کی عکاسی ہوتی ہے۔