اسلام آباد، 25 اگست ( اے پی پی ):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے منعقدہ خطاطی کی نمائش میں شرکت کی۔ نمائش کا انعقاد رواج اور معروف خطاط و فنکار واصل شاہد کے اشتراک سے کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی ولادت باسعادت پوری انسانیت کے لیے رحمت کا باعث ہے اور عید میلاد النبی ﷺ پاکستان سمیت تمام مسلم ممالک میں عقیدت و احترام اور بھرپور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ اور تخلیقی صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں۔ ہمارے پینٹرز، رائٹرز، ہنرمندوں، خطاطوں اور دیگر فنکاروں کا فن ملک کا قیمتی اثاثہ ہے۔ قومی و مذہبی اور دیگر مختلف مواقع کی مناسبت سے یہ فنکار اپنی صلاحیتوں کا منفرد اور دلکش اظہار کرتے ہیں اور اپنی تخلیقی کاوشوں سے ایک خوبصورت سماں باندھ دیتے ہیں۔
سیدال خان ناصر نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسے باصلاحیت فنکاروں کی کاوشوں کو نہ صرف ملکی بلکہ عالمی سطح پر بھی بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے تاکہ وہ دنیا بھر میں اپنے فن، ہنر اور قابلیت کا لوہا منوا سکیں۔ حکومت اس حوالے سے مختلف اقدامات کر رہی ہے تاکہ باصلاحیت افراد کو آگے بڑھنے، اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور اپنے فن کو مؤثر انداز میں دنیا کے سامنے پیش کرنے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی نمائشیں فنکاروں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ پاکستان کے ثقافتی، تہذیبی اور فنی تشخص کو اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے شاندار خطاطی کی نمائش کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کی اور نمائش میں پیش کیے گئے فن پاروں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مثبت اور بامقصد اقدامات پاکستان کے باصلاحیت فنکاروں کی حوصلہ افزائی اور ان کے فن کے فروغ کے لیے نہایت اہم ہیں۔











