قصور، 14 اگست (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ضلع قصور میں جشنِ آزادی کی تقریبات کا بھرپور انعقاد کیا گیا۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام ایک شاندار آزادی ریلی نکالی گئی جس میں ضلعی انتظامیہ، سرکاری محکموں کے افسران و اہلکاروں، شہریوں اور ننھے سائیکلسٹس نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ریلی کے دوران شرکاء نے ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم اٹھا رکھے تھے اور پورا ماحول “پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھا۔ خصوصاً ننھے سائیکلسٹس نے قومی پرچم تھام کر اپنے بے مثال قومی جذبے کا شاندار مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا نے ریلی میں جوش و خروش سے شرکت کرنے والے ننھے سائیکلسٹس کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے جشنِ آزادی کی مناسبت سے منعقدہ سائیکل ریس میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔
ڈپٹی کمشنر قصور آصف رضا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جشنِ آزادی کی تقریبات کا بنیادی مقصد نئی نسل میں حب الوطنی، ملک سے محبت اور قومی جذبہ اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کا ثمر ہے اور ہم سب کو اس کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ ریلی کے شرکاء نے بھی اس موقع پر ملکی سلامتی اور ترقی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔











