قومی اسمبلی اجلاس؛ملک کے میڈیکل کالجز میں 22 ہزار نشستیں، 65 فیصد نجی،35 فیصد سرکاری

6

اسلام آباد ، 25اگست (اے پی پی ): قومی اسمبلی کو منگل کے روز آگاہ کیا گیا کہ ملک بھر کے میڈیکل کالجز میں 22 ہزار نشستیں موجود ہیں،ان میں سے 65 فیصد نشستیں نجی شعبے میں جبکہ 35 فیصد سرکاری اداروں میں ہیں۔

توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ نجی میڈیکل کالجز سے متعلق شکایات کو فوری طور پر سنا اور حل کیا جاتا ہے۔انہوں نے ایوان کو بتایا کہ نجی میڈیکل کالجز 2.1 ملین روپے سے زائد فیس وصول نہیں کر سکتے۔انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی نجی میڈیکل کالج اپنی فیس خود نہیں بڑھا سکتا۔

دریں اثناء قومی اسمبلی نے متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی جس میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے عید میلاد النبی ﷺ کا جشن اعلیٰ سطح پر منانے کا مطالبہ کیا گیا۔

قرارداد وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پیش کی۔ قرارداد میں سرکاری، نیم سرکاری اور نجی عمارتوں کے ساتھ ساتھ شاہراہوں کو بھی عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر روشن اور سجانے کی بات کی گئی۔

قرارداد میں تمام سرکاری اداروں، تعلیمی و کاروباری اداروں اور میڈیا ہاؤسز پر زور دیا گیا کہ وہ اس موقع کو شایانِ شان طریقے سے منائیں۔

قرارداد میں حضور اکرم ﷺ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات کے مطابق امن، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ ایوان نے حضور اکرم ﷺ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت اور تعلیمات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔قرارداد میں قوم سے اپیل کی گئی کہ وہ عید میلاد النبی ﷺ کا بابرکت موقع انتہائی عقیدت، احترام اور اتحاد کے ساتھ منائے۔

قومی اسمبلی کا   اجلاس جمعہ کو صبح گیارہ بجے تک کے لئے ملتوی کر دیا گیا ہے۔