قومی اسمبلی کا اجلاس، سومالیہ میں یرغمال پاکستانیوں کی رہائی کے لیے سفارتی کوشیں جاری

4

اسلام آباد،19 اگست (اے پی پی): قومی اسمبلی کا اجلاس  بدھ کوپارلیمنٹ ہاؤس میں ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفی شاہ کی صدارت میں ہوا۔

  نوٹس کے جواب میں وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے ایوان کو بتایا کہ دفتر خارجہ سومالیہ میں قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے 10 پاکستانی شہریوں کی رہائی اور وطن واپسی کے لیے سرگرم ہے۔انہوں نے کہا کہ اب تک یرغمال بنانے والوں سے مذاکرات کے 3 دور ہو چکے ہیں اور یرغمالیوں کی جلد رہائی کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔

ایک اور توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے بتایا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی صوبائی حکومتوں نے دہشت گردی کے کچھ واقعات میں دھماکہ خیز مواد بنانے کے لیے یوریا کے غلط استعمال کی رپورٹس کے بعد یوریا کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔

وزیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سالانہ تقریباً 3 لاکھ میٹرک ٹن یوریا استعمال ہوتی ہے جو ملک کی کل یوریا کھپت کا تقریباً 4.8 فیصد ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت زراعت کے لیے یوریا کی اہمیت سے آگاہ ہے، اس لیے اس کے غلط استعمال کو روکنے کے ساتھ کسانوں کے لیے دستیابی بھی یقینی بنائی جائے گی۔

رانا تنویر کے مطابق یوریا کی نقل و حرکت کی نگرانی اور غلط استعمال کی روک تھام کے لیے ایک مؤثر “ٹریک اینڈ ٹریس” نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جسے ایک ماہ میں رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اجلاس کے دوران ایوان میں درج ذیل بل پیش کیے گئے:1. “دی حیدرآباد انسٹی ٹیوٹ فار ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ سائنسز (ترمیمی) بل 2026″2. “دی سیڈ (ترمیمی) بل 2026″3. “دی ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس (ترمیمی) بل 2026″4. “دی نیچرل گیس (ڈویلپمنٹ سرچارج) (ترمیمی) بل 2026″5. “دی نیشنل یونیورسٹی آف پاکستان (ترمیمی) بل 2026″6. “دی گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس (ترمیمی) بل 2026″7. “دی ڈاک ورکرز (ریگولیشن آف ایمپلائمنٹ) (منسوخی) بل 2026″ڈپٹی اسپیکر نے تمام بلوں کو متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کو بھجوا دیا۔

قومی اسمبلی کا اگلا اجلاس کل بروز منگل دوپہر 2 بجے ہوگا۔