ملتان، 11 اگست(اے پی پی): محمد نواز شریف یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ( ایم این ایس یو ای ٹی) ملتان میں قومی یومِ اقلیتوں کے موقع پر ایک خصوصی واک کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد پاکستان میں بسنے والی اقلیتی برادریوں کے ساتھ یکجہتی، باہمی احترام، رواداری اور قومی اتحاد کا پیغام عام کرنا تھا۔
واک کی قیادت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر توصیف ایزد اور رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر عاصم عمر نے کی۔ تقریب میں یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران، انتظامی افسران، ملازمین اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بین المذاہب ہم آہنگی، امن، مساوات اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے حق میں نعرے درج تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر توصیف ایزد نے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتی برادریوں کی خدمات اور کردار انتہائی قابلِ قدر ہے۔ انہوں نے تاکید کی کہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق تمام شہریوں کو بلاامتیاز مساوی حقوق اور مکمل مذہبی آزادی حاصل ہونی چاہیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یونیورسٹی میں تمام طلبہ اور عملے کے لیے مساوی مواقع اور پرامن تعلیمی ماحول کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر عاصم عمر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی یومِ اقلیتیں ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ پاکستان مختلف مذاہب اور ثقافتوں کا مشترکہ گلدستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی احترام، برداشت اور باہمی اتحاد ہی ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کی ضمانت ہیں۔
واک کے اختتام پر ملک کی ترقی، خوشحالی، امن و سلامتی اور بین المذاہب ہم آہنگی کی مضبوطی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔











