لاہور: نادرا سنٹر شملہ پہاڑی کا نظام یکسر بدل گیا، شہریوں کی طویل قطاریں ختم

4

لاہور ،2 اگست ( اے پی پی): نادرا سنٹر شملہ پہاڑی کا نظام یکسر بدل گیا ہے۔ اب بے پناہ رش اور طویل قطاریں نہیں رہیں۔ کئی کئی گھنٹے انتظار کی زحمت ختم ہو گئی ہے۔ اے سی فنکشنل ہونے پر شہری تیز رفتار و باوقار سہولت سے خوش ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے 24/7 نادرا سنٹر شملہ پہاڑی کا اچانک دورہ کیا۔ وزیر داخلہ نے سنٹر میں شہریوں کے لیے بہترین سہولتیں دیکھ کر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔

وزیرداخلہ نے شناختی کارڈز و دیگر دستاویزات بنوانے کے لیے آئے شہریوں سے ملاقات کی اور پراسیس اور وقت بارے دریافت کیا۔ وزیرداخلہ نے مختلف کاؤنٹرز پر جا کر عملے سے ملاقات کی اور شہریوں سے مسائل پوچھے۔شہریوں نے کہا صرف 5 منٹ میں باری آ گئی، کسی قسم کی دقت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ایک بزرگ شہری نے کہا عملے نے بہت تعاون کیا، چند منٹ میں کام ہو گیا ہے۔ایک بزرگ خاتون نے کہا اللّہ تعالیٰ آپ اور نادرا کے عملے کو اجر دے۔

وزیر داخلہ نے ایف آر سی کے لیے آئے دو شہریوں کے مسئلے بلاتاخیر حل کرنے کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے مطلوبہ دستاویزات لانے کے لیے شہریوں کو اچھے طریقے سے گائیڈ کرنے کی ہدایت کی۔

محسن نقوی نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے ایف آر سی کے ٹریک ریکارڈ تک رسائی کے نظام کو سٹریم لائن کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا  کہ نادرا سنٹر شملہ پہاڑی  کا پہلے بھی دورہ  کر چکا ہوں لیکن آج شہریوں کے فیڈ بیک سے بہت خوشی ہوئی۔ شہریوں کا اعتماد اور اطمینان ہی کسی ادارے کی کامیابی ہے۔وزیر داخلہ نے چئیرمین نادرا اور ان کی پوری ٹیم کی محنت اور کارکردگی کو قابل ستائش قرار دیا۔