لودھراں ، 29 اگست (اےپی پی):تھانہ سٹی پولیس نے چوری کے مقدمات میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے 9 مقدمات میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 9 موبائل فونز اور 8 لیپ ٹاپ برآمد کرکے اصل مالکان کے حوالے کر دیے۔ترجمان پولیس کے مطابق ڈی پی او لودھراں بینش فاطمہ نے برآمد شدہ مال اصل مدعیان کے حوالے کیا، جس پر شہریوں نے چوری شدہ سامان کی فوری ریکوری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کارروائی کو سراہا۔ڈی پی او بینش فاطمہ نے کامیاب کارروائی پر ڈی ایس پی عابد بھلہ، ایس ایچ او عمران ریاض گجر اور تفتیشی افسر ارشاد کو شاباش دی اور تعریفی اسناد سے نوازا۔ڈی پی او بینش فاطمہ کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، چوری اور دیگر جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنائی جائیں گی۔ انہوں نے پولیس افسران کو جرائم کے سدباب اور شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی۔











