لودھراں ،25 اگست (اے پی پی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق لودھراں میں مثالی گاؤں پروگرام پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے، ضلعی انتظامیہ نے ضلع کے 8 دیہی علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل پر خصوصی توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے ضلع کے پہلے مکمل ہونے والے مثالی گاؤں چک 299 ڈبلیو کا دورہ کیا اور پروگرام کے تحت مکمل ہونے والے ترقیاتی کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے سیوریج ڈرین، ٹف ٹائلز، سٹوریج ٹینک سمیت دیگر ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر مثالی گاؤں انجینئر نوید احمد نے انہیں منصوبے کے مختلف امور پر بریفنگ دی، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر جنید خان، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حافظ محمد ظفر، ایکسیئن محمد محسن سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر کو ضلع کے دیگر 7 مثالی گاؤں میں جاری ترقیاتی منصوبوں، پیش رفت، فنی امور اور آئندہ کے لائحہ عمل سے بھی آگاہ کیا گیا۔ محمد اشرف نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے مثالی گاؤں پروگرام کا بنیادی مقصد دیہی آبادی کو جدید بنیادی سہولیات سے مستفید کرنا ہے، جبکہ سیوریج، نکاسی آب، پانی کے انتظام اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی سے دیہی علاقوں کے عوام کو نمایاں ریلیف حاصل ہو رہا ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ مثالی گاؤں پروگرام کے تحت جاری تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں اور تعمیراتی کاموں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ منصوبوں کی تکمیل میں غیرضروری تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ دنیاپور تحصیل میں 57 ملین روپے کی لاگت سے چک 299 ڈبلیو بی کا مثالی گاؤں مکمل ہونا ایک اعزاز ہے۔ دنیاپور کے پہلے مثالی گاؤں کا جلد افتتاح کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کے ترقیاتی پروگرامز کے ثمرات جلد عوام تک پہنچانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔











