لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں، خوارج کے متعدد ٹھکانے تباہ

1

اسلام آباد ،4اگست (اے پی پی):سکیورٹی فورسز کی جانب سے خیبرپختونخوا میں “عزم استحکام” ویژن کے تحت مؤثر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق لکی مروت میں کی گئی ان کارروائیوں کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے متعدد ٹھکانے تباہ کیے۔ کارروائیوں میں متعدد خوارج کو جہنم واصل کیا گیا۔ہلاک خوارج دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا۔

آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں فتنہ الخوارج کے متعدد دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائیوں میں اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ رہے اور مقامی آبادی کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔

سکیورٹی فورسز خیبر پختونخوا میں پائیدار امن کے قیام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔