مسلم انسٹیٹیوٹ کے زیرِ اہتمام سیرت النبی ﷺ کانفرنس

17

اسلام آباد، 25اگست (اے پی پی ): مسلم انسٹیٹیوٹ کے زیرِ اہتمام سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں معروف مذہبی، علمی اور فکری شخصیات نے شرکت کی۔

مقررین نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے زندگی کے ہر شعبے میں انسانوں کے لیے بہترین رہنمائی عطا کی، آج دنیا میں عدم برداشت، اخلاقی مسائل اور مختلف قسم کے اختلافات بڑھ رہے ہیں، ایسے حالات میں ہمیں سیرتِ رسول ﷺ سے رہنمائی حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔

آج دنیا میں تقریبا 20 کروڑ لوگوں کا نام محمد ہے جو دنیا میں سب سے زیادہ رکھے جانے والا نام ہے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ سیرتِ طیبہ ﷺ صرف ماضی کا ایک موضوع نہیں بلکہ آج بھی ہماری زندگی کے لیے عملی رہنمائی کا بہترین ذریعہ ہے۔

کانفرنس کے بعد نعتیہ مشاعرہ بھی ہوا، جس میں معروف شعراء نے نبی کریم ﷺ کی شان میں نعتیں پیش کیں۔

کانفرنس سے سعید احمد تاج، چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ گوجرانوالہ میڈیکل کالج اینڈ الائیڈ ٹیچنگ ہسپتال، پروفیسر ڈاکٹر اکرم ورک، پرنسپل گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج گوجرانوالہ، سابق سفیر و مصنف افراسیاب مہدی ہاشمی قریشی نے خطاب کیا، جبکہ معروف مصنفہ و محققہ ڈاکٹر قیصرہ علوی، صدرنشین پاکستان فیڈریشن آف یونیورسٹی ویمن بھی شریک ہوئیں۔