ملتان ڈویژن میں یونین کونسل سطح پر ون ونڈو فسیلیٹیشن سینٹرز کا پائلٹ منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ

2

ملتان ,یکم اگست )اے پی پی ): کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت یونین کونسل سطح پر عوام کو ایک ہی چھت تلے سرکاری سہولیات کی فراہمی کے لیے فسیلیٹیشن سینٹرز کے قیام سے متعلق جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈویژن کے ہر ضلع میں ابتدائی طور پر ایک فسیلیٹیشن سینٹر قائم کرکے ایک ماہ تک پائلٹ پراجیکٹ چلایا جائے، جس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد منصوبے کو مرحلہ وار دیگر یونین کونسلوں تک توسیع دی جائے گی۔

کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ موجودہ سرکاری عمارتوں، آئی ٹی انفراسٹرکچر اور دستیاب عملے کو مؤثر انداز میں بروئے کار لا کر شہریوں کو بہتر اور آسان سرکاری خدمات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ فسیلیٹیشن سینٹرز میں مرحلہ وار ڈومیسائل، برتھ و ڈیتھ سرٹیفکیٹس، سوشل ویلفیئر، لائیو سٹاک اور دیگر اہم عوامی خدمات فراہم کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد شہریوں کو مختلف سرکاری دفاتر کے چکر لگانے سے بچاتے ہوئے ایک ہی مقام پر رہنمائی اور ضروری سرکاری خدمات فراہم کرنا ہے۔ کمشنر نے مزید کہا کہ ڈویژن بھر میں عوام دوست طرزِ حکمرانی کے فروغ کے لیے جدید فسیلیٹیشن سینٹر ماڈل متعارف کرایا جا رہا ہے، جبکہ یونین کونسل دفاتر کی مقامی سطح پر افادیت کو بروئے کار لا کر عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے گی۔