نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ ہمارے لئے مکمل ضابطہ حیات ہے، سردار محمد یوسف

0

اسلام آباد،26اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ ہمارے لئے مکمل ضابطہ حیات ہے،ان کی  پوری زندگی رحمت، محبت، عدل،برداشت،عفو و درگزر اور حسن اخلاق کا عملی نمونہ ہے۔

‎وہ بدھ کو کنونشن سنٹر اسلام آباد میں وزارت مذہبی امور کے زیر اہتمام میلاد النبیﷺ کی مناسبت سے بین الاقوامی سیرت النبیﷺ کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے جس کا موضوع ’’ نسل نو کا تحفظ، تعمیر اور کردار  سیرت النبیﷺ کی روشنی میں‘‘ تھا۔

اس موقع پر ملک بھر سے معروف نعت خواں حضرات نے ہدیہ نعت پیش کیا ۔  وفاقی وزیر مذہبی امور نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس پرنور محفل میں شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہیں،ربیع الاول مسلمانوں کے لئے مبارک مہینہ ہے،اس ماہ مبارک میں حضور سرور کائنات کی ولادت ہوئی،ہرسال وزارت کی جانب سے سیرت النبی کانفرنس کا انعقاد کیاجاتا ہے جو اس ماہ مبارک کی اہمیت کو اجاگر کرنے کی ایک کاوش ہے۔

انہوں نے کہا کہ محفل نعت میں پاکستان بھر کے نعت خواں ہدیہ نعت پیش کیا، ان سب کو وزارت مذہبی امور کی جانب سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ جنہوں نے سیرت پر کتب،نعتیہ کلام اور تحقیقی مقالہ جات کے قومی مقابلہ جات میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں،یہ انعامات ان کی علمی  و ادبی  کاوشوں کا اعتراف ہے جو سیرت طیبہ کے پیغام کو فروغ دینے میں مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے انعام حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ یہ حوصلہ آئندہ نسلوں میں بھی علم و اخلاق کے اس سفر میں مزید آگے بڑھنے میں معاون ثابت ہو گا۔انہوں نے کہا کہ آج ہمیں یہ موقع میسر آرہا ہے کہ پاکستان کے جید نعت خواہوں سے ان کا کلام سنیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو دونوں جہانوں کے لئے رحمت   بنا کر بھیجا گیا ہے،انکی پوری زندگی رحمت، محبت، عدل،برداشت،عفو و درگزر اور حسن اخلاق کا عملی نمونہ ہے۔انہوں نے کہا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو بہترین اخلاق کی تکمیل کے لئے مبعوث کیاگیا۔

 انہوں نے کہا کہ آج ہماری نوجوان نسل ایسے دور سے گزر رہی ہے جہاں  اسے مختلف فکری ، اخلاقی، معاشرتی اور ڈیجیٹل چیلنجز کا سامنا ہے، سوشل میڈیا، بے مقصد مواد ، عدم برداشت ، مادہ پرستی  اور مختلف منفی رجحانات ہماری نئی نسل کی شخصیت اور سوچ پر اثر انداز ہو رہے ہیں، ایسے ماحول میں سیرت طیبہ ﷺ ہمارے نوجوانوں کےلئے سب سے بہترین رہنمائی فراہم کرتی ہے، ہمیں اپنی نوجوان نسل کو یہ بتانا ہو گا کہ کامیابی صرف دولت ، عہدے یا شہرت کا نام نہیں ہے بلکہ اچھا کردار ، سچائی ، دیانت ، محنت ، علم ، ذمہ داری ، والدین کا احترام  اور دوسروں کے حقوق کی پاسداری بھی کامیاب زندگی کی بنیاد ہے۔

 انہوں نے کہا کہ سیرت طیبہﷺ ہمیں صرف عبادات ہی نہیں سکھاتی بلکہ ذمہ دار فرد ، ایک اچھے شہری اور ایک مضبوط معاشرے کی تشکیل کا راستہ بھی دیکھاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی بابرکت محفل میں ہمیں حضور اکرم ﷺ کو ہدیہ تبریک پیش کرتے ہوئے یہ عہد بھی  کرنا چاہئے  کہ ہم اپنی زندگیوں کو اسوہ رسولﷺ کے مطابق ڈھالنے کی بھرپور کوشش کریں گے اور یہ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں قرآن و سنت کے مطابق زندگی گزارنے کی توفیق عطا فرمائے، ہمارے ملک کو قائم ودائم رکھے، اس کی سرحدوں کی حفاظت فرمائے اور ہمیں اپنے وطن کی ترقی و خوشحالی کےلئے خلوص نیت سے کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔