اسلام آباد، 6 اگست (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی ولی عہد اور وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی دعوت پر سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہو گئے۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفینس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف، عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔
دورے کے دوران وزیراعظم کی سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ملاقات ہوگی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ برادرانہ تعلقات، تزویراتی شراکت داری اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیراعظم اپنے دورے کے دوران عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے اور مدینہ منورہ میں روضۂ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر حاضری بھی دیں گے۔
وزیراعظم کا یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور قریبی تعاون کا مظہر ہے۔ توقع ہے کہ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تزویراتی تعاون کو مزید وسعت ملے گی جبکہ علاقائی اور بین الاقوامی امور پر باہمی ہم آہنگی اور تعاون بھی مزید مضبوط ہوگا۔











