وزیراعظم شہباز شریف کی بشکیک میں ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امن پر گفتگو

0

اسلام آباد ، 31 اگست (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمہوریہ کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہانِ مملکت کے اجلاس کے موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے اہم ملاقات کی ہے۔

پرتپاک اور دوستانہ ماحول میں ہونے والی اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی اور دیرینہ تعلقات کے عزم کو دہراتے ہوئے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔

 اس موقع پر رواں سال جون میں صدر پزشکیان کے دورۂ پاکستان کے دوران کیے گئے اہم فیصلوں پر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا گیا، جبکہ علاقائی روابط اور عوامی سطح پر تعامل کو فروغ دینے کے اقدامات کا جائزہ بھی لیا گیا۔

ملاقات کے دوران علاقائی صورتحال کی تازہ پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی مخلصانہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے حالیہ دورۂ تہران اور تعمیری گفتگو سے مثبت نتائج کی توقع ہے۔ انہوں نے پائیدار امن کے لیے ضبط و تحمل اور مسلسل سفارتی رابطوں کو ضروری قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (MoU) پر پیش رفت ہی خطے میں دیرپا امن کا واحد قابلِ عمل راستہ ہے۔

ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے علاقائی سلامتی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاک ایران تعلقات صدیوں پر محیط مشترکہ تاریخ، ثقافت اور مذہب کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں اور تہران دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ ایرانی صدر نے امتِ مسلمہ کے اتحاد اور یکجہتی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کو جلد پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت دی، جبکہ صدر پزشکیان نے وزیراعظم کو دسمبر 2026 میں تہران میں منعقد ہونے والے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت پیش کی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی، سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سمیت اعلیٰ حکام موجود تھے۔