اسلام آباد،19اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی وزیر پٹرولیم کو فوری کراچی پہنچنے اور ایندھن کی قیمتوں کے حوالے سے عوامی ریلیف کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے وزیرپٹرولیم علی پرویز ملک نے ملاقات کی ہے جس میں وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیرِ اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیرموسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز بھی موجود تھے۔
وزیر اعظم نے وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کو فوری طور پر کراچی پہنچنے اور آئل ریفائنریز سے مذاکرات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی جا کر مقامی طور پر تیار کردہ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے اقدامات یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈیزل کی مقدار کا زیادہ تر حصہ مقامی ریفائنریز میں تیار ہوتا ہے، اس کی قیمتوں میں کمی کیلئے وزیرپٹرولیم بذات خود ریفائنریز سے مذاکرات کو جلد از جلد مکمل کریں اور جس قدر ممکن ہو عوام تک فوری ریلیف پہنچایا جائے۔











