وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر تاریخی ’’ہفتۂ اقلیت‘‘ کا آغاز، بین المذاہب ہم آہنگی ریلی بادشاہی مسجد کے عقب میں اختتام پذیر

2

لاہور، 7 اگست (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر پنجاب حکومت کے زیر اہتمام ایک روزہ تقریب کے بجائے پہلی بار تاریخی ’’ہفتۂ اقلیت‘‘ کا شاندار آغاز بین المذاہب ہم آہنگی کی ریلی سے کیا گیا۔ 7 سے 11 اگست تک جاری رہنے والے ہفتۂ اقلیت کے دوران صوبہ بھر میں مذہبی، سماجی، ثقافتی اور آگاہی پر مبنی مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

ہفتۂ اقلیت کی افتتاحی تقریب پریسبیٹیرین چرچ نولکھا لاہور میں منعقد ہوئی، جہاں صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ کی قیادت میں بین المذاہب ہم آہنگی ریلی کا آغاز کیا گیا۔

 تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری سونیا عاشر، اراکین پنجاب اسمبلی اعجاز عالم، وسیم انجم سندھو، شکیلہ اعجاز آرتھر، بابا فیبلوس، چیف ایگزیکٹو آگاہی مبارک علی سرور، رورل کمیونٹی ڈویلپمنٹ سوسائٹی کے محمد مرتضیٰ کھوکھر، مختلف مذاہب کے مذہبی رہنما، سول سوسائٹی کے نمائندے اور اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

پریسبیٹیرین چرچ کے بشپ ڈاکٹر مجید ایبل نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کرائی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ اور دیگر شرکاء نے چرچ کے احاطے میں پودا بھی لگایا، جو امن، بھائی چارے اور بین المذاہب ہم آہنگی کی علامت قرار دیا گیا۔

بعد ازاں بین المذاہب ہم آہنگی ریلی نولکھا چرچ سے روانہ ہوئی اور کرشنا مندر، گوردوارہ ڈیرہ صاحب اور دیگر مقدس مقامات سے گزرتے ہوئے بادشاہی مسجد کے عقب میں اختتام پذیر ہوئی، جہاں اختتامی تقریب منعقد کی گئی۔ ریلی میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے مذہبی رہنماؤں نے صوبائی وزیر کے ہمراہ ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر قومی اتحاد، مذہبی رواداری، باہمی احترام اور بین المذاہب ہم آہنگی کا عملی مظاہرہ کیا۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوام سے کیے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنا رہی ہیں اور ان کا وژن ہے کہ پنجاب کے ہر شہری کے چہرے پر خوشی اور اطمینان لوٹ آئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے عوام دوست منصوبوں سے بلاامتیاز تمام طبقات مستفید ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقلیتیں پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں اور وزیراعلیٰ پنجاب کے بقول ’’اقلیتیں ہمارے سر کا تاج ہیں اور ان کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔‘‘ اسی وژن کے تحت ایک دن کے بجائے پورا ہفتہ ’’ہفتۂ اقلیت‘‘ کے طور پر منایا جا رہا ہے تاکہ مذہبی رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی، باہمی احترام اور قومی یکجہتی کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ملک کے دفاع، امن اور استحکام کے ساتھ ساتھ قومی یکجہتی اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مثالی خدمات انجام دی ہیں، جبکہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے ہمیشہ امن، استحکام اور خطے میں توازن کے فروغ کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے ذمہ دارانہ سفارت کاری، امن پسند پالیسی اور مؤثر حکمت عملی کے ذریعے عالمی سطح پر اپنا وقار بلند کیا ہے، جسے عالمی برادری نے بھی سراہا ہے۔

تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر نے تمام مذہبی رہنماؤں، سول سوسائٹی، میڈیا نمائندگان اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب حکومت بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی آزادی، مساوات اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے اپنے اقدامات مستقبل میں بھی جاری رکھے گی۔