وزیرمملکت بلال اظہر کیانی کی دینہ میں کھلی کچہری، عوامی خدمت مرکز کا بھی افتتاح

0

 

دینہ ،23 اگست ( اے پی پی):وزیر مملکت خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے اتوار کو تحصیل ہال دینہ میں کھلی کچہری منعقد کی۔ تقریباً پانچ گھنٹے جاری رہنے والی کھلی کچہری میں انہوں نے بڑی تعداد میں شہریوں کی شکایات سنیں اور ان کے حل کے لیے متعلقہ محکموں کو موقع پر فوری احکامات جاری کیے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ ضلع جہلم کی عوام کے مسائل براہ راست سننے اور حل کرنے کے وعدے پر عمل کرتے ہوئے کھلی کچہریوں کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ یہ دوسرا مرحلہ ہے جس میں جہلم کے بعد آج دینہ میں کھلی کچہری منعقد ہوئی۔ پہلے مرحلے میں 4 جولائی کو جہلم، 12 جولائی کو دینہ اور 18 جولائی کو سوہاوہ میں کھلی کچہریاں منعقد کی جا چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

قبل ازیں وزیر مملکت  نے دینہ میں پہلے عوامی خدمت مرکز کا افتتاح کیا۔ شہری اب اس مرکز کے ذریعے کیریکٹر سرٹیفیکیٹ سمیت 15 دیگر سہولیات مقامی سطح پر حاصل کر سکیں گے۔

خدمت مرکز میں لرنر ڈرائیونگ لائسنس کا فوری اجرا، انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس، لائسنس کی تجدید، ڈپلیکیٹ لائسنس، پولیس تصدیق ناموں کے حصول، ملازمین اور کرایہ داروں کی رجسٹریشن، ایف آئی آر کی مصدقہ نقول، جرم یا حادثے اور دستاویزات کی گمشدگی کی رپورٹ کے فوری اندراج، گاڑیوں کی تصدیق، خواتین و بچوں کے تحفظ کی شکایات کے اندراج اور فوری معاونت کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ خدمت مرکز میں جانوروں پر تشدد کی شکایات بھی درج ہو سکیں گی جبکہ اقلیتی شہری بھی اپنی شکایات اور مدد کے لیے رابطہ کر سکیں گے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ عوام کو مقامی سطح پر سہولت دینے کے لیے گزشتہ سال ڈرائیونگ سینٹر کا افتتاح بھی کیا جا چکا ہے۔ دینہ پہنچنے پر وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

کھلی کچہری میں ضلعی انتظامیہ، محکمہ مال، پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔