وزیرِاعظم شہباز شریف سے قازقستان کے سفیر کی الوداعی ملاقات

3

اسلام آباد: 10 اگست ( اے پی پی): قازقستان کے پاکستان میں سفیر  یرژان کستافین نے اپنی سفارتی ذمہ داریاں مکمل ہونے پر آج وزیرِاعظم ہاؤس میں وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے الوداعی ملاقات کی۔

وزیرِاعظم نے قازق سفیر کے ان کے دورِ سفارت کے دوران پاکستان اور قازقستان کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں اہم خدمات کو سراہا۔

وزیرِاعظم نے بالخصوص فروری 2026ء میں قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایف کے دورۂ پاکستان کو کامیاب بنانے میں سفیر کے کردار کو سراہا، جس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اسٹریٹجک شراکت داری کی سطح تک پہنچے۔

وزیرِاعظم نے صدر توکایف کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان قازقستان کے ساتھ کثیرالجہتی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے علاقائی رابطوں کو فروغ دینے، تجارت کے روابط بڑھانے اور توانائی، تعلیم اور عوامی سطح پر روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔

سفیر یرژان کستافین نے اپنے دورِ سفارت کے دوران تعاون اور معاونت پر وزیرِاعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اسٹریٹجک شراکت داری کے تحت پاکستان اور قازقستان کے تعلقات میں مزید پیش رفت جاری رہے گی۔وزیرِاعظم نے قازق سفیر کے لیے ان کی آئندہ ذمہ داریوں میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ملاقات میں نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔