اسلام آباد، 14اگست(اے پی پی): وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات اشفاق احمد خلیل نے یومِ آزادی کے موقع پر تمام اہل وطن کو جشنِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن ہمیں ان لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو ہمارے بزرگوں نے پاکستان کے حصول کے لیے دیں۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال پاکستان نے اندرونی اور بیرونی محاذ پر نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ سفارتی سطح پر بھی پاکستان کی پذیرائی میں اضافہ ہوا ہے اور عالمی فورمز پر پاکستان کے مؤقف اور کردار کو بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اس بڑھتی ہوئی عالمی شناخت اور پذیرائی میں حکومت کی مؤثر پالیسیوں اور سفارتی کاوشوں کا اہم کردار ہے۔
سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ نوجوان نسل کے ہاتھوں میں پاکستان کی تقدیر ہے، اس لیے نوجوانوں کو آگے بڑھ کر ملک کی خدمت کرنی چاہیے۔ حکومت نے نوجوانوں کے لیے مختلف اہم اقدامات کیے ہیں، جن سے نوجوان بھرپور فائدہ اٹھائیں اور پاکستان کی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ وزارتِ اطلاعات و نشریات کی بنیادی ذمہ داری بروقت اور مستند خبر عوام تک پہنچانا ہے۔ موجودہ ڈیجیٹل دور میں جعلی خبروں، ڈس انفارمیشن اور مس انفارمیشن کے چیلنجز میں اضافہ ہوا ہے، تاہم وزارتِ اطلاعات کی بھرپور کوشش ہے کہ عوام تک اصل، درست اور حقائق پر مبنی معلومات پہنچائی جائیں اور یہ کوشش آئندہ بھی جاری رہے گی۔
اشفاق احمد خلیل نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ پاکستان ہمیشہ زندہ باد رہا ہے اور پاکستان ہمیشہ زندہ باد رہے گا۔











