اسلام آباد،25 اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈپلومیٹک انکلیو کا دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔
وزیر داخلہ نے ڈپلومیٹک انکلیو میں چار دیواری، چیک پوسٹ کی ری ماڈلنگ، سائیکلنگ ٹریک اور واکنگ ٹریک پر جاری پیش رفت کا معائنہ کیا۔
محسن نقوی نے ہدایت دی کہ چار دیواری پر ہمہ وقت کام جاری رہنا چاہیے اور کام کے دوران ایک بھی درخت نہ کاٹا جائے۔انہوں نے ڈپلومیٹک انکلیو میں سائیکلنگ اور واکنگ ٹریکس کو جدید طرز پر تیار کرنے اور سڑکوں کو کشادہ کرنے کی ہدایت بھی کی۔وزیر داخلہ نے ڈی آئی جی سکیورٹی کو ڈپلومیٹک انکلیو کا جدید اور جامع سیکیورٹی پلان ازسرنو مرتب کرنے کی ہدایت کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ ڈپلومیٹک انکلیو کے پارکس کو جدید طرز پر بحال کیا جائے گا۔ ہم ڈپلومیٹک انکلیو کو جدید، محفوظ اور خوبصورت سفارتی زون بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ڈپلومیٹک انکلیو کے رہائشیوں کو عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔
اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے وزیر داخلہ کو ڈپلومیٹک انکلیو میں جاری ترقیاتی کاموں پر پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔











