پاکستان اور لیبیا کے سیاسی و معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے، صدرِ مملکت

0

اسلام آباد 12 اگست (اے پی پی): صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے لیبیا کے لیے پاکستان کے نامزد سفیر میجر جنرل (ر) ممتاز حسین سے ایوانِ صدر میں ملاقات کے دوران ہدایت کی ہے کہ وہ پاکستان اور لیبیا کے درمیان اعلیٰ سطحی سیاسی رابطوں کو آگے بڑھانے سمیت معاشی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے لیے فعال کردار ادا کریں۔

صدر زرداری نے نامزد سفیر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان لیبیا کے ساتھ مشترکہ عقیدے اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دفاع، توانائی، آئی ٹی، صحت، تعلیم، زراعت اور افرادی قوت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے درمیان روابط اور ایس آئی ایف سی کے تحت پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کرنے پر زور دیا، نیز لیبیا میں مقیم پاکستانی برادری کی فلاح و بہبود کو ترجیح دینے کی ہدایت کی۔ صدرِ مملکت نے لیبیا کی خودمختاری، سلامتی اور پائیدار امن کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ فلسطین اور جموں و کشمیر کے مسائل پر اقوامِ متحدہ اور او آئی سی کے فورمز پر باہمی تعاون جاری رہے گا۔

اس موقع پر نامزد سفیر میجر جنرل (ر) ممتاز حسین نے کہا کہ ان کی بنیادی ترجیح لیبیا میں مقیم پاکستانی برادری کے مسائل کا حل اور دوطرفہ تجارت کو فروغ دینا ہو گی۔