پاکستان بشکیک اجلاس کے بعد ایس سی او کی سربراہی سنبھالے گا، ترجمان دفترخارجہ

0

اسلام آباد، 27 اگست (اے پی پی): پاکستان کرغزستان کے شہر بشکیک میں 31 اگست (پیر) کو شروع ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کونسل آف ہیڈز آف سٹیٹ کے سربراہی اجلاس کے بعد ایک سال کے لیے تنظیم کی سربراہی سنبھالے گا۔

اسلام آباد میں جمعرات کو ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے بتایا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف ایس سی او سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے بشکیک کا دورہ کریں گے، جہاں وہ کرغیز قیادت سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی چیئرمین شپ کا نمایاں سنگ میل اگلے سال اسلام آباد میں ہونے والا ایس سی او سربراہی اجلاس ہو گا۔

ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان افغان عبوری حکومت کے وزیر داخلہ کی طرف سے متنازع مسائل کے حل کے لیے دوطرفہ میکانزم کی تجویز کو نوٹ کرتا ہے۔ پاکستان ریاستی سطح پر مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم کسی بھی میکانزم کی پائیداری کا انحصار محض یقین دہانیوں کے بجائے ٹھوس اقدامات پر ہو گا۔ انہوں نے زور دیا کہ کابل اپنے بین الاقوامی وعدوں بالخصوص دوحہ فریم ورک کی پاسداری کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ افغان سرزمین ٹی ٹی پی اور بی ایل اے جیسی پراکسیز کے ذریعے پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو۔ پاکستان انسداد دہشت گردی کے قابل تصدیق اقدامات اور موثر بارڈر مینجمنٹ کی شرط پر ادارہ جاتی ہم آہنگی کے لیے تیار ہے۔

ایران کے ساتھ تجارت سے متعلق سوال پر طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان دوطرفہ تجارتی معاہدوں اور بین الاقوامی قوانین و ذمہ داریوں کا پابند ہے اور اقوام متحدہ کے فریم ورک سے باہر لگائی جانے والی کسی بھی یکطرفہ پابندی کا جواب دینے کا پابند نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یکطرفہ پابندیاں یا جبری اقدامات نقصان دہ ہوتے ہیں۔ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارت مستحکم ہے اور پاکستان اسے مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ امید ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان تعطل کے حل سے اقتصادی مسائل بھی طویل المدتی بنیادوں پر حل ہو جائیں گے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ اور خلیجی بحران کے حل اور امریکہ-ایران تعطل کو ختم کرنے کے لیے برادر ممالک کے ساتھ مل کر مخلصانہ کوششیں کر رہا ہے، اور اسی سلسلے میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورہ ایران ایک ثالث کے طور پر پاکستان کے جاری کردار کا حصہ تھا۔

ایک اور سوال کے جواب میں ترجمان نے سرگودھا کے قریب کیرانہ ہلز کے حوالے سے سابق بھارتی چیف آف ڈیفنس سٹاف کے خود متضاد اور من گھڑت دعووں کو قطعی طور پر مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ”معرکہ حق” کے دوران پاکستان کے جامع فضائی دفاعی نظام نے دشمن کے تمام ملٹری ابجیکٹوز کو ناکام بنایا، جبکہ آپریشن”بنیان المرصوص” کے تحت پاکستان کے بھرپور ردعمل نے دشمن کو بھاری قیمت چکانے کی صلاحیت کو ثابت کیا۔ طاہر اندرابی نے واضح کیا کہ پاکستان کے کسی بھی سٹریٹجک اثاثے یا حساس تنصیب پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوا، اور انتخابی بیانیے یا ڈرامائی پروڈکشن کے ذریعے تاریخ بدلنے کی کوششیں مئی کے آپریشنل ریکارڈز کو جھٹلا نہیں سکتیں، کیونکہ تاریخ حقائق اور شواہد سے رقم ہوتی  ہے، بالی ووڈ جیسے ڈرامائی دعووں سے نہیں۔