اسلام آباد،25 اگست (اے پی پی ): وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے منگل کے روز پاکستان ریلوے اور حکومتِ خیبر پختونخوا کے درمیان تاریخی فریم ورک معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے تحت وفاق اور صوبوں کی شراکت داری سے ریلوے کی 79 سالہ تاریخ میں پہلی بار باہمی تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے۔ اس معاہدے کے تحت خیبر پختونخوا میں 240 کلومیٹر طویل مضافاتی ریلوے لائنوں (بشمول پشاور، نوشہرہ، مردان اور لنڈی کوتل سفاری روٹس) اور اہم اسٹیشنوں کی اپ گریڈیشن کے ساتھ ساتھ کوہاٹ سے خرلاچی تک 192 کلومیٹر نئی اسٹریٹجک ریلوے لائن تعمیر کی جائے گی جو ازبکستان، افغانستان، پاکستان ریلوے کوریڈور کے ذریعے وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ علاقائی تجارت کو فروغ دے گی۔
وفاقی وزیرِ ریلوے نے خیبر پختونخوا حکومت کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ریلوے سیفٹی کو اولین ترجیح قرار دیا اور بتایا کہ پنجاب میں 9.7 ارب روپے کی لاگت سے 177 غیر محفوظ کراسنگز کو محفوظ بنایا جا رہا ہے، جبکہ خیبر پختونخوا کی 81 غیر محفوظ کراسنگز کو بھی مرحلہ وار باقاعدہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ ریلوے محض ایک سفری ذریعہ نہیں بلکہ چاروں صوبوں کو آپس میں جوڑنے والی قومی یکجہتی اور معاشی ترقی کی ضمانت ہے، اور یہ مشترکہ اقدامات آنے والی نسلوں کے لیے ایک جدید، محفوظ اور باہم مربوط ریلوے نظام فراہم کریں گے۔











