نیویارک۔18اگست (اے پی پی):پاکستان کلب، جو اقوام متحدہ میں کام کرنے والے پاکستانی شہریوں کی تنظیم ہے، نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا۔
تقریب میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد، قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی، اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل نمائندے عثمان جدون، کلب کے ارکان اور مختلف سفارتی مشنز کے نمائندوں نے شرکت کی۔کلب کے صدر، سابق پاکستانی سفارت کار اور اقوام متحدہ کے سابق عہدیدار سفیر قاضی شوکت فرید اور سیکرٹری جنرل غلام غوث نے سفیر عاصم احمد اور دیگر مہمانوں کا استقبال کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر عاصم احمد نے پاکستان کلب کی ان کوششوں کو سراہا جن کے ذریعے اقوام متحدہ کے سیکرٹریٹ، اس کے ذیلی اداروں، فنڈز اور پروگراموں میں خدمات انجام دینے والی پاکستانی برادری کے ارکان کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا جاتا ہے۔انہوں نے مختلف کمیونٹی سرگرمیوں کے ذریعے پاکستان کے ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے اور فروغ دینے میں پاکستان کلب کے کردار کو بھی سراہا۔
انہوں نے کثیرالجہتی نظام کے لیے پاکستان کے دیرینہ عزم کا اعادہ کیا اور سفارتی محاذ پر پاکستان کی طویل عرصے سے جاری اور حالیہ خدمات کو اجاگر کیا۔ اس حوالے سے انہوں نے علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار پر زور دیا، جس میں حالیہ امریکہ۔ایران بحران کے دوران مذاکرات اور بات چیت کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کی کوششیں بھی شامل ہیں۔انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے کام میں پاکستان کی فعال شمولیت کو بھی اجاگر کیا، بالخصوص ایسے اقدامات کو آگے بڑھانے میں پاکستان کے کردار کو، جن کا مقصد تنازعات کے پرامن حل کو فروغ دینا ہے۔اقوام متحدہ میں سری لنکا کے مستقل نمائندے جینتھ جے سوریا نے بھی اس موقع پر خطاب کیا اور پاکستان کو یومِ آزادی کی سالگرہ پرمبارکباد دی۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کے یومِ آزادی کی مناسبت سے جشن کا کیک کاٹا گیا۔











