پاکستان کی ترقی میں اقلیتوں کا کردار ناقابلِ فراموش ہے، ، سید یوسف رضا گیلانی

5

اسلام آباد،10 اگست( اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے    کہا کہ پاکستان کی ترقی میں اقلیتوں کا کردار ناقابلِ فراموش ہے، ہر شہری کے حقوق، تحفظ اور مساوی مواقع ریاست کی ذمہ داری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس میں قومی اقلیتی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوۓ  کیا۔انہوں نے  کہا کہ ء2009  میں بطور وزیراعظم 11 اگست کو قومی اقلیتی دن قرار دیا جسکا مقصد اقلیتوں کے مساوی مقام، حقوق اور خدمات کو تسلیم کرنا تھا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اقلیتی امور کے لیے وفاقی وزارت کا قیام، وفاقی ملازمتوں میں اقلیتوں کے لیے کوٹے اور سینیٹ میں اقلیتی نمائندگی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کیے۔

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مجھےبطور چیئرمین سینیٹ اقلیتوں کے حقوق سے متعلق اسی قومی عزم اور وعدے کو آگے بڑھانے پر فخر ہے،خواتین اور اقلیتیں میری بنیادی ترجیحات میں شامل رہیں ہیں۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ اقلیتی برادریوں کی لازوال خدمات سے عبارت ہے۔اقلیتی رہنماؤں نے قیام پاکستان کی جدوجہد میں اہم کردار ادا کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ تحریک پاکستان میں دیوان بہادر ایس پی سنگھا سمیت مسیحی رہنماؤں کا کردار قابلِ ذکر ہے،قائداعظم نے پہلی دستور ساز اسمبلی کے تاریخی اجلاس کی صدارت کے لیے ہندو رہنما جوگندر ناتھ منڈل کو منتخب کیا۔عدلیہ، مسلح افواج، تعلیم، صحت، ادب، سائنس اور کھیل میں اقلیتی شخصیات کی نمایاں خدمات قابلِ تحسین ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ جسٹس اے آر کارنیلیس، جسٹس دوراب پٹیل اور جسٹس رانا بھگوان داس کی خدمات قابلِ فخر ہیں جبکہ گروپ کیپٹن سہیل چوہدری، ایئر وائس مارشل ایرک گورڈن اور میجر جنرل جولین پیٹر،ڈاکٹر رتھ فاؤ، فارمین کرسچن کالج سمیت اقلیتی برادری کی خدمات بھی قابلِ فخر ہیں۔

چیئرمین سینیٹ میثاقِ مدینہ مختلف مذاہب اور برادریوں کے افراد کے متحد معاشرے میں رہنے کی روشن مثال ہے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی اقلیتی برادری کا تحفظ، مساوی مواقع اور روشن مستقبل ریاست کی مقدس ذمہ داری ہے۔

چیئرمین سینیٹ سیر یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے مذہبی امتیاز کے خاتمے اور تمام شہریوں کے مساوی حقوق کی حمایت کی۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اس موقع پر  قومی اقلیتی دن کی تقریب کے انعقاد پر سینیٹر دنیش کمار اور پارلیمنٹیرینز مینارٹیز کاکس کا شکریہ بھی ادا کیا۔

 تقریب میں پارلیمنٹرینز، اقلیتی کاکس کے ارکان، سینیٹ سیکرٹیریٹ کے اعلی حکام کی شرکت۔