ملتان ، 14 اگست (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم نے جشنِ آزادی کے موقع پر اہلیانِ ملتان اور پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے، جس کی قدر ان لوگوں سے پوچھی جا سکتی ہے جنہیں یہ نعمت میسر نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے لازوال قربانیوں، محنت اور جدوجہد کے بعد پاکستان حاصل کیا، اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس ملک کو رہنے کے قابل بنائیں اور اس کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔
ڈپٹی کمشنر نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ملکی قوانین کی پابندی کریں، اپنے شہر کو صاف رکھیں، سرکاری و قومی املاک کی حفاظت کریں اور اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی بہتری صرف سرکاری افسران کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر شہری کو اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔
ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا کہ جشنِ آزادی کی خوشیاں بھرپور انداز میں منائی جائیں تاہم اس بات کا خصوصی خیال رکھا جائے کہ قومی و سرکاری املاک کو نقصان نہ پہنچے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے ملتان کی صفائی، خوبصورتی اور بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہر شہری اپنے حصے کی ذمہ داری احسن انداز میں ادا کرے تو ہم نہ صرف اپنے شہر بلکہ پورے ملک کو ایک بہتر، صاف ستھرا اور ترقی یافتہ پاکستان بنا سکتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر ملتان نے ایک بار پھر تمام اہلیانِ ملتان کو جشنِ آزادی کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہماری مشترکہ ذمہ داری اور ہمارا فخر ہے، اس کی حفاظت، ترقی اور خوشحالی کے لیے ہم سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔











