گورنر خیبرپختونخواکی قیادت میں یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر یکجہتی ریلی

2

پشاور۔ 05 اگست (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی قیادت میں بدھ کویومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر یکجہتی ریلی کا انعقاد کیا گیا ۔ یومِ استحصالِ کشمیر کی مناسبت سے منعقدہ ریلی سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے خطاب کیا ۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ یومِ استحصالِ کشمیر کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت میں پوری امتِ مسلمہ متحد ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کے لیے پاکستانی قوم ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن، استحکام اور ذمہ دارانہ سفارت کاری کے فروغ کے لیے مثبت اور موثر کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی پاکستان کو دہشت گرد ریاست ثابت کرنے کی تمام کوششیں ناکام ہوئیں، عالمی برادری نے پاکستان کے موقف کو تسلیم کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ریاست ہے اور عالمی برادری اس کے مثبت اور تعمیری کردار کو تسلیم کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کے دوران پاکستان کے ذمہ دارانہ، متوازن اور امن پسند کردار کو عالمی سطح پر سراہا گیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر شہری اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور ان کی جائز جدوجہد کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی، امن اور ملکی مفاد کے معاملات پر پوری پاکستانی قوم متحد ہو جاتی ہے۔