یومِ شہدائے پولیس:شہداء کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں،عبدالعلیم خان

5

اسلام آباد، 04 اگست (اے پی پی): یومِ شہدائے پولیس پاکستان کے موقع پر نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس ہیڈ کوارٹرز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور انسپکٹر جنرل موٹروے پولیس سلطان احمد چودھری نے یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ بعد ازاں وفاقی وزیر نے نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ 4 اگست قومی تاریخ کا ایک اہم دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ صفوت غیور کی عظیم شہادت تمام سیکیورٹی فورسز کے لیے مشعلِ راہ ہے جبکہ موٹروے پولیس کے 59 شہداء سمیت تمام شہداء کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پیٹرولنگ افسران کے تحفظ کے لیے ٹول پلازوں کے قریب جدید پولیس اسٹیشنز، پارکنگ اور ایمبولینس سروس قائم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ این ایچ اے کا ریونیو 2024 کے 64 ارب روپے سے بڑھ کر 2026 میں 127 ارب روپے سے تجاوز کر گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مالیاتی خودکفالت کے باعث بیرونی امداد کے بغیر اپنے وسائل سے شاہراہوں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ گلگت بلتستان سے لے کر سندھ، بلوچستان اور پنجاب تک موٹرویز کی تاریخی توسیع جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مری ایکسپریس وے کی مظفرآباد تک توسیع سے آزاد کشمیر کے عوام کو بین الاقوامی معیار کی سفری سہولیات میسر آئیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ایم این جے سی موٹروے شاہراہِ قراقرم کا بہترین متبادل ثابت ہوگی اور چین کے ساتھ اسٹریٹجک روابط کو مزید مضبوط کرے گی۔ ان کے مطابق سیالکوٹ، کھاریاں، راولپنڈی شاہراہ سے اسلام آباد تا لاہور سفر میں 100 کلومیٹر اور ایک گھنٹے کی بچت ہوگی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایم 10 اور لیاری ایکسپریس وے کراچی پورٹ سے تجارتی نقل و حمل کو آسان بنا رہے ہیں جبکہ ایم 6 پر بھی جلد کام شروع ہوتا نظر آئے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کرتارپور اور ننکانہ صاحب کو ملانے کے لیے گرو نانک ایکسپریس وے پر کام جاری ہے جس سے دنیا بھر کی سکھ برادری کے لیے مذہبی سیاحت اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ ملے گا۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ گلگت کی سیاحتی سڑکوں پر کام جاری ہے جبکہ این 25 اگلے سال تک مکمل ہو جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں ایم 8 موٹروے منصوبوں سے ایران کے ساتھ سرحدی تجارت اور علاقائی روابط کو تقویت ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس پورے خطے کے لیے ایک مثال ہے۔

اس موقع پر آئی جی موٹروے پولیس سلطان احمد چوہدری نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑے رہیں گے اور انہیں کبھی اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔