یوم استحصال کشمیر، ریڈیو پاکستان سے ڈی چوک تک یکجہتی واک، شرکاء نے بھارتی اقدامات کے خلاف احتجاج کیا

2

اسلام آباد، 5 اگست (اے پی پی): یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ریڈیو پاکستان سے ڈی چوک تک یکجہتی واک کا اہتمام کیا گیا۔ واک وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان کی کوآرڈینیشن سے منعقد کی گئی، جس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

واک کی قیادت وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کی۔ ریلی میں خواتین کی بھی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ شرکاء نے پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے پرچم اٹھا رکھے تھے جبکہ بینرز اور پلے کارڈز بھی تھام رکھے تھے جن پر 5 اگست 2019 کے بھارتی یک طرفہ اقدامات کی مذمت درج تھی۔

واک ڈی چوک پہنچ کر جلسے کی شکل اختیار کر گئی۔ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق صبح 9 بجے سائرن بجائے گئے اور یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔