یوم استحصال کشمیر پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک بھر میں ریلیوں اور تقاریب کا انعقاد

2

اسلام آباد6 اگست (اے پی پی):یوم استحصالِ کشمیر کے موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی تسلط کے خلاف ملک بھر میں ریلیوں اور تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔

شرکاء نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے غیر قانونی اقدام کی بھرپور انداز میں مذمت کی۔

مظفرآباد میں یوم استحصال کشمیر کے موقع پر بھارت کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف عوام کا سمندر شہر کی سڑکوں پر اُمڈ آیا۔ میرپور میں بھی شہریوں نے چوک شہیداں تک یوم استحصال کشمیر کی شاندار ریلی نکالی جس میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں ریلیوں کے ساتھ تعلیمی اداروں میں آگہی پروگرامز بھی منعقد کیے گئے۔

لاہور میں یوم استحصال کشمیر کے سلسلے میں منعقدہ ریلیوں اور سیمینارز میں اہم شخصیات اور عام شہریوں نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا۔ ڈسکہ میں جوش و خروش دیکھنے میں آیا اور لوگوں نے کشمیر پر اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ حافظ آباد میں سرکاری و غیر سرکاری تنظیموں کے زیراہتمام ریلیوں میں شہریوں نے پاکستان اور کشمیر کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔

کراچی میں بیت المکرم سے شروع ہونے والی یوم استحصال کشمیر کی ریلی میں نوجوانوں اور بزرگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی یوم استحصال کشمیر کی ریلیوں کے شرکاء نے بھارتی مظالم پر دنیا سے نوٹس کا مطالبہ کیا۔

واشک کے غیور بلوچ عوام نے بھی یوم استحصال کشمیر کی ریلیوں میں اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیا۔ جعفرآباد کے شہری بھی اپنے کشمیری بھائیوں کی حمایت کے لیے سڑکوں پر نکل آئے۔ ڈیرہ بگٹی، کوہلو اور حب میں بھی مختلف شہری تنظیموں کے زیراہتمام شاندار ریلیوں کا انعقاد کیا گیا اور شہریوں نے کشمیریوں کی اخلاقی حمایت جاری رکھنے کا عزم دہرایا۔

مقررین نے کہا کہ کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرکے پوری قوم نے دنیا کو ایک بار پھر بتا دیا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور ہمیشہ رہے گا۔