آٹو اور آٹو پارٹس مینوفیکچرنگ پالیسی 2026-31 کو جلد حتمی شکل دینے کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی کا اجلاس

0

اسلام آباد، 16 ستمبر ( اے پی پی) وزیراعظم کی ہدایت پر ’آٹو اور آٹو پارٹس مینوفیکچرنگ پالیسی 2026-31‘ کو جلد حتمی شکل دینے کے لیے قائم کی گئی اعلیٰ سطحی کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں پالیسی مسودے کو حتمی شکل دینے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 اجلاس میں وفاقی وزیر برائے توانائی اویس احمد خان لغاری اور وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سمیت متعلقہ وزارتوں اور اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اس موقع پر پالیسی کے مسودے کے قانونی، مالی اور انتظامی پہلوؤں کے ساتھ ساتھ تمام اداروں کے تحفظات کا شق وار تفصیلی جائزہ لیا گیا تاکہ نئی آٹو پالیسی کو وزیراعظم کی منظور کردہ پالیسی ترجیحات کے عین مطابق ہم آہنگ بنایا جا سکے۔