اسلام آباد ریسکیو 1122 کیلئے 17 سال بعد 21 جدید گاڑیاں کراچی پورٹ پہنچ گئیں، وزیر داخلہ محسن نقوی کا دورہ

5

اسلام آباد، 29 ستمبر)اے پی پی):اسلام آباد ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ کے لیے 17 برس بعد 21 نئی گاڑیاں کراچی پورٹ پر پہنچ گئیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کراچی پورٹ کا دورہ کیا اور چین سے اسلام آباد ریسکیو اور فائر بریگیڈ کے لیے آنے والی نئی گاڑیوں کا معائنہ کیا۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ نئی ریسکیو گاڑیاں 5 روز میں کراچی سے اسلام آباد پہنچ جائیں گی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ریسکیو و فائر بریگیڈ کے لیے نئی گاڑیوں کی پاکستان آمد خوش آئند ہے، اسلام آباد ریسکیو میں نئی گاڑیوں کی شمولیت 2009 کے بعد بڑا اضافہ ہے، نئی گاڑیوں کی جلد فراہمی پر چین کی حکومت کے شکر گزار ہیں، جدید ریسکیو گاڑیاں اسلام آباد کے 6 سٹیشنز میں ہمہ وقت موجود رہیں گی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئی ریسکیو گاڑیاں 256 فٹ کی بلندی تک آپریشن کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، نئی گاڑیوں میں 4 فائر ایریل ٹرک، 6 فائر ٹاورز اور 5 فائر ٹینکس شامل ہیں اور نئی ریسکیو گاڑیاں جدید ترین آلات سے لیس ہیں۔

اس موقع پر چیف کلکٹر کسٹمز اپریزمنٹ ساؤتھ، کلکٹر اپریزمنٹ ایسٹ، ایڈیشنل کلکٹر اپریزمنٹ ایسٹ، چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد، ڈائریکٹر سی ڈی اے اور این ایل سی کے نمائندے بھی موجود تھے۔