اسلام آباد،24 ستمبر (اے پی پی): اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سعودی عرب کے قومی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور سعودی عرب کے 96 ویں قومی دن کا کیک کاٹا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے سعودی قیادت اور عوام کو قومی دن پر مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی عرب ترقی کر رہا ہے، سعودی عرب کی غیر معمولی ترقی سعودی عوام کے لیے باعث فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مشترکہ مذہب اور تاریخی روابط پر مبنی ہیں،پاکستان سعودی عرب کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،دونوں ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔
اسپیکر نے کہا کہ پاک سعودی پارلیمانی روابط باہمی تعاون اور مفاہمت کے فروغ میں اہم ہیں،پاکستان کی پارلیمان اور سعودی مجلس شوریٰ کے روابط قابل تحسین ہیں اور یہ روابط برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا ذریعہ ہیں، پاک سعودی دوستی خطے میں امن اور استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ سعودی عرب کی خودمختاری اور سلامتی ہمارے لیے انتہائی مقدم ہے،سعودی عرب کے ساتھ پوری دنیا میں بسے مسلمان مذہبی جذبات رکھتے ہیں،پاکستان کی پارلیمان اور عوام سعودی عرب کے ساتھ عقیدت اور احترام رکھتے ہیں،سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کا مکہ دفاعی معاہدہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔











