اسلام آباد، 03 ستمبر(اے پی پی): وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی زیر صدارت کچی کینال اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت اور ان کی بروقت تکمیل کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور مؤثر تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ کچی کینال فیز ٹو منصوبے کے تعمیراتی معیار کو یقینی بنانے اور منصوبے پر شفاف انداز میں پیش رفت کی ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت کو منصوبے سے متعلق تمام دستیاب آپشنز پر اعتماد میں لیا جائے۔
اجلاس میں پائیڈ کے لیے اراضی کی فراہمی کے معاملے کا بھی جائزہ لیا گیا۔ احسن اقبال نے ہدایت کی کہ متعلقہ ادارے اس معاملے کو مزید التوا کا شکار نہ ہونے دیں اور ضروری اقدامات کو جلد مکمل کیا جائے۔
وفاقی وزیر نے لورالائی، ژوب سڑک منصوبے کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔











