ترک مسلح افواج کے یومِ فتح کی 104ویں سالگرہ کی تقریب

0

راولپنڈی، 31 اگست(اے پی پی ): جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ترک مسلح افواج کے یومِ فتح کی 104ویں سالگرہ کی تقریب منعقد کی گئی۔ ترکیہ کے سفیر برائے پاکستان ارفان نزیروغلو نے تقریب میں مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کی۔

تقریب میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان بھائی چارے اور قریبی دو طرفہ تعلقات کو اجاگر کیا گیا جو مشترکہ اقدار، باہمی احترام اور ایک دوسرے کی غیر متزلزل حمایت کی تاریخ پر مبنی ہیں۔

اس موقع پر شرکاء نے ترک مسلح افواج کی بہادری اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور پاکستان و ترکیہ کے درمیان دیرینہ دفاعی و اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

تقریب میں فوجی افسران، جمہوریہ ترکیہ کے سفارتخانے کے حکام اور دیگر معز مہمانوں نے شرکت کی۔

تقریب کا اختتام جمہوریہ ترکیہ کے عوام اور مسلح افواج کے لیے نیک خواہشات کے اظہار پر ہوا۔