حکومت کاروباری برادری اور برآمد کنندگان کو سہولت فراہم کرنے، ان کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کر رہی ہے، بلال اظہر کیانی

0

اسلام آباد، 22ستمبر (اے پی پی ): وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ حکومت کاروباری برادری اور برآمد کنندگان کو سہولت فراہم کرنے، ان کے مسائل کے حل اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے، تاجروں اور برآمد کنندگان کی تجاویز کو پالیسی سازی میں اہمیت دی جا رہی ہے۔

سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ پاکستان کی معیشت اور بالخصوص برآمدات کے شعبے میں اہم مقام رکھتا ہے، حکومت سیالکوٹ کی کاروباری صلاحیتوں کو مزید اجاگر کرنے اور برآمدی استعداد بڑھانے کے لیے تعاون جاری رکھے گی۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق حکومت کا کردار کاروباری برادری کے لیے سہولت کار کا ہے، کاروباری افراد اور برآمد کنندگان کے مسائل سننے، انہیں سمجھنے اور ان کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے کاروباری برادری کی مشاورت سے مختلف شعبوں میں پالیسی اقدامات کیے ہیں، ٹیکس، کسٹمز، تجارت، توانائی، ریلوے، زراعت اور آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں سے متعلق تجاویز کو پالیسی سازی میں شامل کیا گیا ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ حالیہ بجٹ میں کاروباری برادری اور برآمد کنندگان کے لیے مختلف ٹیکس سہولیات فراہم کی گئیں ہیں، برآمدی شعبے کے لیے ٹیکس سے متعلق اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ آئی ٹی ایکسپورٹ  کے فروغ کے لیے بھی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اس کے بورڈ میں اصلاحات کی ہیں تاکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو ان کی ضروریات کے مطابق سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ ایکسپورٹ فنانس اسکیم کے استعمال کی مدت میں اضافہ کیا گیا ہے تاکہ بالخصوص چھوٹے برآمد کنندگان کو سہولت مل سکے۔ برآمد کنندگان کے جائز مسائل کے حل کے لیے ایکسپورٹر فسیلیٹیشن کمیٹیاں بھی قائم کی گئی ہیں جہاں برآمد کنندگان اور متعلقہ ادارے مل کر مسائل کے حل پر کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان میں بھی اصلاحات پر کام کر رہی ہے تاکہ برآمد کنندگان کو تجارت کے فروغ اور متعلقہ معاملات میں ون اسٹاپ سہولت فراہم کی جاسکے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت ٹرانسپورٹ اور فریٹ سے متعلق معاملات میں بھی سہولت فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ ایم ایل ون منصوبے کے کراچی تا روہڑی سیکشن کے لیے فنانسنگ کا انتظام کیا جاچکا ہے اور منصوبے کو عملی پیش رفت کی جانب لے جانے کے لیے کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن سے ریلوے کی لائن کی گنجائش اور رفتار میں اضافہ ہوگا، جس سے مال برداری کی صلاحیت بہتر ہونے اور کاروباری سرگرمیوں کو سہولت ملنے کی توقع ہے۔

بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت نے دکانداروں کی مشاورت سے آسان ٹیکس سکیم متعارف کرائی ہے جس کا مقصد دکانداروں کے لیے ٹیکس نظام کو سادہ اور سہل بنانا ہے۔حکومت کاروباری برادری کے ساتھ مسلسل مشاورت اور شراکت داری کے ذریعے معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔

اے پی پی/سعیدہ/فرح