سری لنکا کے خلاف سیمی فائنل سے قبل پریکٹس سیشن انتہائی بہترین رہا ہے، طوبیٰ حسن

0

اسلام آباد، 10 ستمبر (اے پی پی) قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی لیگ اسپنر طوبیٰ حسن نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف سیمی فائنل سے قبل پریکٹس سیشن انتہائی بہترین رہا ہے اور ٹیم میچ کے لیے مکمل طور پر پرجوش ہے۔

  انہوں نے کہا کہ نیٹ سیشن سے قبل فیلڈنگ ڈرلز کی گئیں جبکہ نیٹ میں ان تکنیکی پہلوؤں پر خصوصی کام کیا گیا جن کی ٹیم کو ضرورت محسوس ہو رہی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سری لنکا کے خلاف سیمی فائنل کو ایک عام میچ کی طرح لیں گے اور ہر ایک گیند پر مکمل فوکس رکھیں گے، کیونکہ سری لنکا کے خلاف حالیہ سیریز کھیلنے کی وجہ سے ایک اچھے اور کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔

طوبیٰ حسن نے ٹیم کے باؤلنگ کمبی نیشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح کی پچز اور کنڈیشنز ہیں، ہماری باؤلنگ لائن 120 سے 130 رنز کے ہدف کا بھی باآسانی دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم کا ماحول انتہائی خوشگوار ہے اور کھلاڑیوں پر سیمی فائنل کا کوئی اضافی دباؤ نہیں ہے، تھوڑی بہت نروسنس ضرور ہوتی ہے لیکن ہم اسے دباؤ میں آنے کے بجائے انجوائے کریں گے اور بہترین کارکردگی دکھا کر کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔