سی ڈی اے جائیکا کے درمیان اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری کے لئے مربوط واٹر سپلائی، سیوریج اور ڈرینج ماسٹر پلان کی تیاری کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

3

اسلام آباد،14ستمبر  (اے پی پی):کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے درمیان اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری کے لئے مربوط واٹر سپلائی، سیوریج اور ڈرینج ماسٹر پلان کی تیاری کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ یہ منصوبہ اسلام آباد کے آبی وسائل کے تحفظ، پانی کی فراہمی کی خدمات میں بہتری اور مستقبل کی پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے اہم اقدام ہے۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے سی ڈی اے جبکہ جائیکا کی تفصیلی منصوبہ بندی سروے ٹیم کے سربراہ میاگاوا ماساہیتو نے جائیکا کی جانب سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل اسلام آباد واٹر سردار خان زمری، وزارتِ اقتصادی امور کی جوائنٹ سیکرٹری (جاپان) فخریہ انجم اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔مفاہمتی یادداشت کے تحت 36 ماہ پر مشتمل تکنیکی تعاون کا منصوبہ شروع کیا جائے گا جس کا ہدفی سال 2050ء مقرر کیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ بنیادی طور پر اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری کے زونز 1 تا 5 کا احاطہ کرے گا جبکہ تفصیلی انفراسٹرکچر پلاننگ زون 1 پر مرکوز ہوگی اور زونز 2 تا 5 کا سٹریٹجک جائزہ لیا جائے گا۔ماسٹر پلان کے تحت پانی کی فراہمی، سیوریج، صفائی اور بارش کے پانی کی نکاسی کے نظام کے لئے قلیل، درمیانی اور طویل مدتی منصوبہ بندی کی جائے گی، اس مقصد کے لئے موجودہ آبی وسائل اور پانی کی طلب کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ مستقبل کے لئے نئے اور پائیدار آبی ذرائع کی نشاندہی کی جائے گی۔منصوبے میں سطحی اور زیرِ زمین پانی کے موجودہ و ممکنہ ذرائع، پانی کی طلب میں مستقبل کے اضافے، پانی کے معیار، ذخیرہ، ترسیل اور تقسیم کے نظام کا تفصیلی جائزہ شامل ہوگا۔ تربیلا ڈیم، چنوٹ ڈیم، شاہدرہ ڈیم، ڈوٹارا ڈیم اور چراہ ڈیم سمیت متعلقہ آبی وسائل کے منصوبوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔پانی کے ضیاع میں کمی، پانی کی فراہمی کی کارکردگی بہتر بنانے، پانی کے معیار کی نگرانی اور مرحلہ وار سرمایہ کاری کی حکمت عملی تیار کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ اسلام آباد کے شہریوں کو آج اور آنے والی نسلوں کے لئے پانی کی پائیدار فراہمی یقینی بنانے میں مدد مل سکے۔سیوریج، صفائی اور نکاسی آب کا مربوط نظام ماسٹر پلان کے تحت سیوریج نیٹ ورکس، گندے پانی کی نکاسی و ٹریٹمنٹ، غیر مرکزی ٹریٹمنٹ سسٹمز اور فیکل سلج مینجمنٹ کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ قدرتی نالوں، ڈرینز، بارش کے پانی کی نکاسی کے نیٹ ورک اور سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقوں کی منصوبہ بندی بھی کی جائے گی۔منصوبے کے ذریعے شدید بارشوں اور شہری سیلاب کے خطرات کو کم کرنے، نکاسی آب کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی کے لئے ترجیحی اقدامات کی نشاندہی کی جائے گی۔اسلام آباد واٹر کی ڈیجیٹل تبدیلی بھی منصوبے کا اہم جزو ہوگی۔ اس کے تحت صارفین اور اثاثہ جات کا انتظام، میٹر ریڈنگ، بلنگ و وصولی، پانی کے رساؤ کی نشاندہی، پانی کے معیار کی نگرانی اور شکایات کے ازالے کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے عملی تجاویز تیار کی جائیں گی۔پانی کی فراہمی کی خدمات کو مؤثر بنانے کے لئے پائلٹ سرگرمیوں، میٹرز کی تنصیب، پانی کے بہاؤ و دباؤ کی نگرانی اور یوٹیلیٹی مینجمنٹ کی استعداد کار بڑھانے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ جاپان میں تقریباً تین تربیتی پروگرامز کے ذریعے متعلقہ افسران کی تکنیکی و انتظامی صلاحیتوں میں اضافہ کیا جائے گا۔ماسٹر پلان میں خشک سالی، شدید بارشوں، سیلاب، زیرِ زمین پانی میں کمی اور پانی کے معیار میں بگاڑ جیسے موسمیاتی خطرات کو مدنظر رکھا جائے گا۔ پانی کے ذرائع میں تنوع، بارش کے پانی کا مؤثر استعمال، زیرِ زمین پانی کی دوبارہ بھرائی، ٹریٹ شدہ گندے پانی کے دوبارہ استعمال اور قدرتی بنیادوں پر حل سمیت پائیدار اقدامات تجویز کئے جائیں گے۔منصوبے کے تحت سی ڈی اے، اسلام آباد واٹر، میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ کاری کو مضبوط بنانے کے لئے جوائنٹ کوآرڈینیشن کمیٹی قائم کی جائے گی جس کی سربراہی چیئرمین سی ڈی اے کریں گے۔سی ڈی اے اور اسلام آباد واٹر کی بھرپور شمولیت سے تیار ہونے والا ماسٹر پلان مستقبل کی سرمایہ کاری، بجٹ سازی، منصوبوں کے نفاذ اور آبی وسائل کے مؤثر انتظام کے لئے ایک جامع سٹریٹجک بنیاد فراہم کرے گا۔یہ منصوبہ اسلام آباد کو ایک جدید، خوبصورت، پائیدار اور ماحول دوست وفاقی دارالحکومت بنانے کے عزم کا اظہار ہے۔ مربوط آبی منصوبہ بندی کے ذریعے شہریوں کو بہتر خدمات کی فراہمی، ماحولیاتی تحفظ اور آج و آنے والی نسلوں کی پانی کی ضروریات پوری کرنے کے لئے عملی بنیاد فراہم کی جائے گی۔