شمالی وزیرستان: سرحد پار دراندازی کی کوش ناکام، 15 دہشتگرد ہلاک

6

راولپنڈی، 3 ستمبر )اے پی پی):سکیورٹی فورسز نے 31 اگست تا01ستمبر 2026 کی رات پاک-افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی سرپرستی یافتہ فتنہ الخوارج کے ایک گروپ کی نقل و حرکت شمالی وزیرستان کے مقابل پاک-افغان سرحد پر نوٹ کی گئی۔

سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے پیشہ ورانہ مہارت اور تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کو کامیابی سے روکا۔ 36 گھنٹے تک جاری رہنے والی مربوط اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں فتنہ الخوارج کے 15 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تعاقبی کلیئرنس آپریشن کے دوران ہلاک دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ اس سے خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے ناپاک عزائم مزید بےنقاب ہوئے جو ملک میں امن و استحکام کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک-افغان سرحد پر پیش آنے والا یہ واقعہ پاکستان کے اس موقف کی ایک بار پھر تصدیق کرتا ہے کہ افغان طالبان حکومت سرحد پار دہشتگردی کے لیے افغان سرزمین کے استعمال کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام ہے۔ افغان طالبان حکومت سرحدی انتظامات کو مؤثر بنانے اور اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے میں بھی ناکام رہی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم اور مستعد ہیں۔ علاقے میں کسی بھی باقی ماندہ بھارتی سرپرستی یافتہ خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن “عزمِ استحکام” کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی یافتہ دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک اپنی بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھیں گے۔