اسلام آباد ،25 ستمبر(اے پی پی): وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان اور صدر مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخواہ انجینئر امیر مقام نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدرِ آزاد کشمیر کے انتخاب کا مرحلہ احسن انداز میں مکمل ہوا ہے اور وزیراعظم کی جانب سے 20 ارب روپے کے منصوبے کشمیری عوام کو دیے گئے ہیں۔ مسائل کا حل مذاکرات اور مکالمے سے ہی ممکن ہے، اس لیے احتجاج کرنے والے بھی اٹھ جائیں اور سسٹم کا حصہ بنیں۔
انہوں نے کہا کہ دھرنے اور احتجاج سے نقصان صرف عوام کا ہی ہوتا ہے۔ خیبر پختونخواہ دہشت گردی سے شدید متاثر ہونے والا صوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں انتخابات کے مراحل خوش اسلوبی سے مکمل ہوئے اور آزاد کشمیر کے عوام نے جمہوری انداز میں نئی حکومت کو منتخب کیا۔ پرامن انتخابات کو یقینی بنانے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کردار لائقِ تحسین ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ قائد محمد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے کشمیری عوام سے کیے گئے وعدوں پر کام شروع ہو چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخواہ کے عوام صوبائی حکومت سے پوچھیں کہ انہوں نے ان کے لیے کیا کیا ہے، جبکہ خیبر پختونخواہ میں سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردی کا ہے۔ بدقسمتی سے خیبر پختونخواہ حکومت کے پاس عوام کے لیے کوئی منصوبہ نہیں ہے اور ان کی تمام تر توجہ صرف احتجاج پر مرکوز ہے۔ خیبر پختونخواہ کے عوام کسی بھی غیر ضروری احتجاج کا حصہ نہ بنیں۔











